حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت پاراچنار میں طالبان دہشت گردوں کی لشکر کشی کے خلاف خراسان تا نمائش ریلی نکالی گئی۔ جس میں کثیر تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق احتجاجی ریلی سے علامہ صادق جعفری اور سماجی رہنما خالد راؤ نے خطاب کیا اور علامہ مبشر حسن نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ احتجاجی ریلی میں مولانا اشرف حسین کاشفی، عزادری سیل کے صدر رضی حیدر سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔
علامہ صادق جعفری نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا: پاراچنار میں پاکستان کی دفاعی فرنٹ لائن پر طالبان کا حملہ باعث تشویش ہے، پاراچنار کے شیعہ پاکستان کی دفاعی فرنٹ لائن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاراچنار پر طالبان کی دہشت گردوں کی لشکر کشی پر امپورٹڈ حکومت کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، محرم الحرام سے قبل شیعہ قوم پر حملے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے، حکومت اور ریاستی ادارے اپنی ادا کریں اور پاراچنار میں جنگ بندی کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا: محرم الحرام سے قبل ایک سازش کے تحت ملک بھر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دیا جارہا ہے، ملک بھر کی محب وطن عوام میں اپنے پاراچنار کے بھائیوں کے لئے تشویش پائی جاتی ہے، ریاستی ادارے ہوش کے ناخن لیں اور دہشت گردوں کو لگام دیں ورنہ پاکستان بھر کی سڑکیں لبیک یا حسینؑ کے نعروں سے گونج اٹھیں گی۔